امریکہ نے واجب الادا رقم روکی ہے، شاہ محمود قریشی

متنازع قانون نے بھارت میں آئینی بحران کو جنم دیا ہے، شاہ محمودقریشی

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ امریکہ نے ہماری امداد نہیں روکی بلکہ واجب الادا رقم روکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس رقم کے روکنے کی بات کی گئی ہے وہ رقم دراصل وہ ہے جو پاکستان دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پہلے ہی خرچ کرچکا ہے اورامریکہ نے یہ ادا کرنی تھی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خطیر رقم خرچ کی اور امریکہ نے یہ پیسہ ہمیں ادا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی امداد نہیں تھی جو روک لی گئی ہے بلکہ یہ ہمارا پیسہ ہے جو ہم نے خرچ کیا تھا اور یہ پیسہ امریکہ نے ہم کو ادا کرنا تھا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ پاکستان آرہے ہیں تو ہماری کوشش ہوگی کی باہمی عزت و احترام کا رشتہ قائم کرتے ہوئے تعلقات کو بہتر بنائیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پچھلی حکومت کی امریکہ ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہورہی تھی اور تعطل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب نئے سرے سے آغاز ہورہاہے تو ہم کوشش کریں گے کہ اپنے تحفظات کو مد نظررکھتے ہوئے تعلقات کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم اس خطے کو اور دنیا کودہشت گردی سے پاک کریں ۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اورعوام  نے اس کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو اسی ضمن میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی امداد موجودہ حکومت کے قیام سے پہلے سے بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سو ملین کی جو بات ہو رہی ہے وہ نہ تو امداد ہے اور نہ معاونت ہے بلکہ یہ وہ پیسہ ہے جو پاکستان نے ازخود دہشت گردی یا دہشت گردوں کے خلاف خرچ کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے جب ان سے سوال کیا کہ پاکستان اس پیسے کی واپسی کے لیے کیا کرے گا؟ توانہوں نے کہا کہ ہم امریکہ سے اس معاملے پر بات کریں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تصویر کے دو رخ ہوتے ہیں، ایک وہ رخ ہے جو وہ دکھا رہے ہیں لیکن ایک وہ رخ ہے جو ہم دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  تصویر کے دونوں رخ دیکھنے سے ہی حقائق سامنے آتے ہیں۔

امریکہ کی جانب سے گزشتہ روزیہ اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان کی امداد منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں