بولان: بلوچستان کے علاقے مچھ گشتری میں کوئلے کی کان دھماکے کے باعث بیٹھنے کے نتیجے میں ایک کان کن جاں بحق ہوگیا، ایک کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا جب کہ اندر پھنسے پانچ کان کنوں کو نکالنے کی کوشش جاری ہے۔
مقامی افراد نے ہم نیوز کو بتایا کہ کان بیٹھنے کے بعد مزدوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک مزدور کی نعش نکالی جب کہ ایک کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا ہے۔
بے ہوش کان کن کو طبی امداد کے لیے مچھ اسپتال منتقل کیا گیا جس کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ کان میں پھنسے ہوئے باقی کان کنوں کو نکالنے کی کوشش جاری ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سنجدی کی الگیلانی کول مائنز میں بھی گزشتہ دنوں ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا جب ایک دھماکے کے باعث کان بیٹھ گئی تھی اور اس میں موجود تمام مزدور ملبے تلے دب گئے تھے۔
اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق کوئٹہ، سوات، دیر اور شانگلہ سے تھا۔