عام انتخابات پر قبضہ کیا گیا، بلاول بھٹو

عام انتخابات پر قبضہ کیا گیا، بلاول بھٹو|humnews.pk

نوڈیرو: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ عام انتخابات پر قبضہ کیا گیا، لوگوں کی وفاداری تبدیل کرنے کے لیے انہیں ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

نوڈیرو میں حلقہ این اے-200 کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام کے شکرگذار ہوں جنہوں نے ان کی غیرموجودگی میں بھی ووٹ دیے اور کامیاب کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مشکلاتوں کے باوجود سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو کامیاب کیا اور پہلے  کے مقابلے میں پارٹی نے زیادہ نشستیں حاصل کیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود صوبہ سندھ کے عوام کی خدمت کریں گے اور غربت و بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آتے ہی 500 لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے جبکہ میڈیا کو بھی سنسر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح حکمراں جماعت نفرت انگیز سیاست کو تقویت دے رہی ہے وہ کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ عوام کی بھرپور خدمت کرسکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نظریاتی جماعت ہے، دیگر جماعتیں اپنے مفادات کو دیکھتی ہیں، وہ پارٹیاں ختم نہیں ہوتیں جن کی جڑیں عوام میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پارٹی کے اندر ڈسپلن لاگو کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر بختاور بھٹو زرداری، فریال تالپور، نثار کھوڑو اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں