فضل الرحمان کا ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ


کراچی: متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) کے سربراہ اور صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارا آصف علی زرداری سے رابطہ ٹوٹا نہیں ہے بلکہ ہمارے درمیان دھیرے دھیرے برف پگھل رہی ہے۔

انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز کا دورہ کیا، بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب صدارتی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی میدان میں آئے تو وہ تنہا امیدوار تھے تاہم اب متحدہ اپوزیشن کا امیدوار بھی سامنے آ چکا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں توازن برقرار رکھنے کے لئے متحدہ اپوزیشن نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور میں ایم کیوایم سے توقع رکھوں گا کہ وہ ہماری تجویز پر سنجیدگی سے غور کریں۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور اُن سے ہمارا رشتہ سیاست سے بڑھ کر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم  پارلیمانی سیاست کا حصہ رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے آنے میں تاخیر کر دی ہے کیونکہ اب ہم حکومت کا حصہ بن چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم سے صدارتی انتخابات میں حمایت کی درخواست بھی کی ہے۔


متعلقہ خبریں