بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا


اسلام اباد/کراچی:   اسلام اباد، راولپنڈی اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں و علاقوں میں ہونے والی ہلکی و تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور سخت گرمی و شدید حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام اباد و راولپنڈی میں رات کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی تیز بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ تاحال کسی بھی علاقے سے کسی تقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

راولپنڈی میں بارش کے بعد ہم نیوز کے مطابق صادق آباد سرکل، ہزارہ کالونی، چاہ سلطان،کینٹ سرکل، گلستان کالونی اور اڈیالہ روڈ کے کے علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی ۔ اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش اور آندھی کے سبب مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق سیکٹر آئی ایٹ اسلام آباد میں الشفا کے قریب ایکسپریس وے پر آندھی سے متعدد درخت گر گئے ہیں۔

اسلام اباد کو بجلی فراہم کر نے والے ادارے آئیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کہیں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ہے البتہ گزشتہ شب ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے کچھ فیڈر ٹرپ کرگئے تھے۔

ترجمان کے مطابق ٹرپ ہونے والے فیڈرز پرکام کررہے ہیں اور جلد صورتحال بہتر ہوجائے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سیون، ایف سکس اور بلیو ایریا کے کچھ علاقوں میں فالٹس کے سبب بجلی کی فراہمی بند ہے جو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے عملہ مصروف ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی  کے مختلف علاقوں میں صبح ہونے والی ہلکی بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

نارتھ  ناظم آباد،  سپر ہائی وے ، اسکیم 33 اور اس سے ملحقہ علاقوں، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگرروڈ، صدر، ایم اے جناح روڈ، بفرزون، ناگن چورنگی، سخی حسن، ایف بی ایریا، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ ، اور انچولی میں بھی  وقفے وقفے سے بارش ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ نارتھ کراچی، ناظم آباد اور نیوکراچی سمیت اسکیم 33 میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ناگن چورنگی ایف بی ایریا ‏بلاک 17 اور 18 سمیت گلشن معمار میں بھی بجلی کی فراہمی برقرار ہے۔

ترجمان کے مؤقف ہے کہ لوکل فالٹس کی درستگی کے لئے کے الیکٹرک کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے اور مختلف علاقوں میں کام کر رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق خیبر پختونخواہ کے علاقوں  بنوں، کرک اور لکی مروت میں بھی  تیز با رش ہوئی ہے جس سے گرمی کا  زور ٹوٹ گیا ہے۔


متعلقہ خبریں