عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس سماعت کیلیے مقرر

’بھارتی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا جانا چاہیے تھا‘

فوٹو: فائل


 دی ہیگ/اسلام آباد: عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کوآئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کلبھوشن یادیو کیس کی آئندہ برس فروری میں ایک ہفتہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی۔ عالمی عدالت انصاف میں پاکستان اور بھارت نے کلبھوشن یادیو کیس میں دو، دو جوابات جمع کرا رکھے ہیں۔

پاکستان نے پہلا جواب تیرہ دسمبر 2017 اور دوسرا جواب رواں برس سترہ جولائی کو جمع کرایا تھا۔ پاکستان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث تھا۔  کلبھوشن کو تین مارچ 2016 کو مشخیل بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پاکستان کے جمع کردہ جواب میں واضح کیا گیا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا ٹرائل کیا گیا۔ فوجی عدالت نے کلبھوشن کو پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت دس اپریل کو پھانسی کی سزا دی تھی۔

بھارت نے نو مئی 2017 کو عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ جس پر عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی سزا پر عملدرآمد رکوا دیا تھا۔

پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں جمع کرائے گئے اپنے جوابات میں بھارت کے تمام اعتراضات کے تفصیلی جواب دیے تھے۔

کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں۔ بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔


متعلقہ خبریں