پاکستانیوں کی محبت سمیٹ کر’سدھو‘ بھارت روانہ

فوٹو: فائل


لاہور: سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو واہگہ بارڈر سے واپس بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔

’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر نے پاکستانیوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ میں  جاتے ہوئے پیاراورمحبت لے کر جارہا ہوں جو ہمیشہ یاد رہے گا۔

سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے خود پر بھارت میں ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت عزت ملی۔

وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید اور عبدالحمید پوٹھی نے رخصت کیا۔

سدھو نے لاہور میں مختصر قیام کے دوران سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران دونوں کے درمیان پاک بھارت تعلقات پر بات چیت ہوئی۔

بھارت روانگی سے قبل نوجوت سنگھ سدھو نے کہا یہاں سے پیار اورعزت لے کر جارہاہوں۔ انہوں نے کہا کہ خود کو پیارسے مالامال محسوس کررہاہوں اور پاکستانیوں نے جومحبت دی ہے وہ تاعمر یاد رہے گی۔

انتہائی خوشگوارانداز میں انہوں نے کہا کہ ریگستان کی مٹی پربارش پڑنے سے سوندھی خوشبو آنا اچھا شگن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اچھی شروعات کرکے جارہا ہوں۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے اس موقع پر کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ ہونا چاہیے۔

نوجوت سنگھ سدھو  نے اس پر کہا کہ بھارت جا کر پاک بھارت کرکٹ میچ کا آئیڈیا پیش کروں گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے ونر کے درمیان میچ ہونے کا آئیڈیا اچھا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ بنیاد بنا کر اس امید سے جارہا ہوں کہ کوئی اس پرعمارت کھڑی کردے۔
نوجوت سنگھ سدھو بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے۔

بھارت کے سابق کرکٹر سدھو کو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا۔

سدھو بھارت میں ہونے والی شدید مخالفت کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے دو دن قبل واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور نومنتخب وزیراعظم پاکستان سے ملاقات بھی کی۔

بھارت میں نوجوت سنگھ سدھو کے خلا ف شدید مظاہرے ہورہے ہیں اور بعض مقامات پر ان کے پتلے جلائے جانے کی بھی اطلاعات میڈیا میں آئی ہیں۔


متعلقہ خبریں