دارالحکومت جو تیزی سے ڈوب رہا ہے

دارالحکومت جو تیزی سے ڈوب رہا ہے | urduhumnews.wpengine.com

جکارتہ: انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کا شمار دنیا کے ایسے شہروں میں ہوتا ہے جو تیزی سے ڈوب رہے ہیں۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 2050 تک جکارتہ کے 95 فیصد رقبے کو سمندر نگل لے گا۔

مسلم دنیا کے بڑے شہروں میں سے ایک جکارتہ کی آبادی ایک کروڑ ہے اور اس شہر میں پانی کی سطح ہر سال 25 سینٹی میٹر بلند ہو جاتی ہے۔ پانی کی بلند ہوتی سطح سے شہر کا شمالی حصہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور تقریبا آدھا شہر سطح سمندر سے نیچے جا چکا ہے۔

جکارتہ کے ڈوبنے کی رفتار دنیا کے دوسرے سمندر کنارے آباد شہروں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ اس شہر کے مختلف حصوں سے 13 دریا گزرتے ہیں لیکن کسی بھی دریا کا پانی قابل استعمال نہیں۔ یہاں کی 60 فیصد آبادی پینے اور دیگر ضروریات کے لیے زیرزمین پانی استعمال کرتی ہے۔

دریاؤں میں گھرے ہونے کے باوجود جکارتہ کے ہر پانچ میں سے صرف دو افراد کو پینے کے لیے صاف پانی میسر ہے۔

انڈونیشین دارالحکومت کی انتظامیہ کے مطابق شہر ڈوبنے کی بنیادی وجہ بلندو بالا عمارتیں ہیں جہاں غیر قانونی طور پر زمین سے پانی نکالا جارہا ہے۔ انتظامیہ نے مالکان کو نوٹس جاری کیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر متبادل انتظام کریں بصورت دیگر لائسنس معطل کردیے جائیں گے۔

دارالحکومت کو درپیش اہم خطرے پر بات کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کا ایک ہی حل ہے کہ لوگ زمین سے پانی حاصل کرنا بند کردیں۔


متعلقہ خبریں