العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز منتقلی کی درخواست ہائی کورٹ سے منظور|humnews.pk

اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج  ہو گی۔

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کریں گے جو گزشتہ سماعت پر نواز شریف کو عدالت طلب کرچکے ہیں، جج ارشد ملک نے گزشتہ سماعت میں پہلی بار اس کیس کی سماعت کی تھی اس سے قبل احتساب عدالت کے جج  محمد بشیر کیس کی سماعت کر رہے تھے۔

عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی ) کے سربراہ واجد ضیا کو بطور گواہ بھی طلب کر رکھا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کے دیگر ریفرنسز احتساب عدالت نمبر ایک سے احتساب عدالت نمبر 2  منتقل کر دیے ہیں اور اب  پیر کو دوسری بار ارشد ملک سابق وزیراعظم کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریفرنس کی کارروائی جہاں سے رکی تھی، وہیں سے شروع  کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو پانامہ کیس میں تین ریفرنسز دائر کرنے کی ہدایت کی تھی جس میں سے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سزا سنائی جا چکی ہے جبکہ دیگر دو ریفرنسز کی سماعت، جو روک دی گئی تھی، اب  پیر سے دوبارہ شروع  کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں