دیامر میں اسکول جلانے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

دیامر میں اسکول جلانے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنا دی گئی | urduhumnews.wpengine.com

دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع  دیامر میں اسکول جلانے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔

ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ  فراق کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی دیامر ہوں گے۔

3 اگست کو دیامر میں دہشت گردی کی پراسرار کارروائیوں میں مختلف مقامات پر واقع 13 تعلیمی اداروں کو جلایا گیا تھا۔

گلگت سے 130 کلومیٹر دور واقع چلاس شہر میں رات گئے ہونے والے دھماکوں میں دو گرلز پرائمری اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا گیا تھا۔

ضلع دیامر کے نواحی علاقے داریل میں واقع آرمی پبلک اسکول میں آگ لگائی گئی جس سے تعلیمی ادارہ شدید متاثر ہوا۔

دیامر ہی کے مضافاتی علاقوں تانگی، ہوڈر، کھنبری سمیت متعدد جگہوں پر مختلف اسکولوں میں آگ لگائی گئی  جس نے تعلیمی اداروں کو بری طرح متاثر کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات حملوں کا نشانہ بننے والے تمام اسکول آتشزدگی کے باعث تباہ ہوئے ہیں۔

نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے دیامر میں اسکول نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں  قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم  دیا ہے۔


متعلقہ خبریں