ریاض: کینیڈا کی جانب سے سعودی عرب کے متعلق تبصرہ سے پیداشدہ تنازعہ کے نتیجے میں ریاض نے کینیڈا کے سفیر کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے کینیڈین سفیر کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کینیڈا کی طرف سے سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پر تشویش کے اظہار کے بعد کیا گیا۔ کینیڈا کی وزارت خارجہ اور ریاض میں سفارت خانے کی جانب سے انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری کے متعلق بیان دیا گیا تھا۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا کہ اندرونی معاملات میں مداخلت قبول نہیں کی جا سکتی، گرفتار شدگان کے خلاف کارروائی سعودی قوانین کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
دوسری جانب سے سعودی وزارت خارجہ نے سفارتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا سے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے نے بھی تصدیق کی ہے کہ اوٹاوا سے سفیر کو واپس بلا لیا گیا ہے اور نئے کاروبار، سرمایہ کاری وغیرہ کو بھی فوری طور پر منجمند کر دیا گیا ہے۔