ایم کیو ایم کا کراچی آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار


اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم نے کراچی آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور لاپتہ اور اسیر کارکنان کی فہرست چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حوالے کی۔

بنی گالہ میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خالد مقبول صدیقی نے عمران خان کو پارٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا اور 130 لاپتہ اور 250 سے زائد اسیر کارکنان کی فہرست بھی پیش کی۔

خالد مقبول صدیقی نے چیئرمین تحریک انصاف کو بتایا کہ معمولی نوعیت کے الزام میں بھی قید کارکنوں کی ضمانتیں نہیں کی جا رہیں اور تین تین سال سے لاپتہ کارکنوں کے اہلخانہ کو پارٹی کی قیادت جواب دینے سے قاصر ہے۔

کراچی کے بلدیاتی مسائل اور دستیاب وسائل کے حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر نے عمران خان کو 15 منٹ تک بریفنگ دی جبکہ عمران خان نے وسیم اختر سے گرین بس منصوبے سے متعلق بھی بات کی۔

عمران خان نے میئر کراچی کو آگاہ کیا کہ پولیس کے نظام کو بہتر بناکر ہی شہر کی سیکیورٹی مکمل طور پر ان کے حوالے کی جاسکتی ہے، عمران خان نے پولیس ریفارمز کے حوالے سے ایم کیو ایم کے مؤقف کی تائید کی۔

عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کے رہنماؤں ڈاکٹر عارف علوی اور عمران اسماعیل کو ایم کیو ایم  رابطہ کمیٹی سے رابطے میں رہنے اور اُنہیں پیش رفت سے آگاہ  کرنے کی ہدایت کی۔


متعلقہ خبریں