کراچی کے سرکاری اسکول سے بیلٹ پیپرز برآمد


کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کے ایک سرکاری اسکول سے بڑی تعداد میں بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے ہیں۔

بیلٹ پیپرز ملنے کی اطلاع  پر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب  گزری کے سرکاری اسکول پہنچ گئے اور بیلٹ پیپرز کی گنتی شروع  کردی۔

پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکول سے این اے 247  کے 154 بیلٹ پیپرز ملے ہیں جن میں سے 118  پر تیر کے نشان پر مہر لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت سیکیورٹی کے باوجود بیلٹ پیپرز کیسے اسکول میں رہ  گئے، ملک بھر میں جہاں جہاں سے بیلٹ پیپرز ملے ہیں وہاں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک بھر سے دھاندلی کے شواہد ملے ہیں، ہم دھاندلی کے خلاف عدالت سے رجوع  کریں گے۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 247  پر تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی کامیاب ہوئے ہیں۔

29 جولائی کو کراچی کے علاقے قیوم آباد کی کچرا کنڈی سے بھی بڑی تعداد میں مہر لگے بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے تھے جس پر وہاں کے شہریوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج  بھی کیا گیا تھا۔

24 جولائی کو پولیس نے عمر کوٹ میں  جعلی بیلٹ پیپرز برآمد کر کے  پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں