نواز، شہباز ملاقات، پنجاب میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال


راولپنڈی: مسلم لیگ نون پاکستان کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات  کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سوا گھنٹے جاری رہنے والی  ملاقات میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل اور پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے  انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے کے حوالے سے مسلم لیگ نون کی جانب سے بلائی جانے والی آل  پارٹیز کانفرنس اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

نواز شریف اپنی بیٹی اور داماد کے ہمراہ ان دنوں ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا بھگت رہے ہیں، عدالت نے 6 جولائی کو ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10 برس قید  80  لاکھ  پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید 20 لاکھ  پاؤنڈ جرمانہ جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ  محمد صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی تھی۔

فیصلے کے وقت نواز شریف اور مریم نواز برطانیہ میں تھے تاہم دونوں 13 جولائی کو لندن سے لاہور پہنچے، نیب نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے انہیں گرفتار کرکے پہلے اسلام آباد اور بعد میں اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں