سپریم کورٹ لاہور رجسٹری: کرپشن سمیت اہم مقدمات کی سماعت

فوٹو: فائل


لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی فل بینچ  نمبر ایک لاہور رجسٹری میں 23  سے 27 جولائی  تک مختلف کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس عمر عطا بندیال  اور جسٹس اعجاز الاحسن فل بینچ کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ سے جاری شدہ کاز لسٹ کے مطابق تین رکنی فل بینچ نمبر دو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں کیسز کی سماعت کرے گا اور جسٹس منظور احمد ملک  اور جسٹس منصور علی شاہ  اس فل بنچ کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے دونوں بینچ متعدد اہم مقدمات کی سماعت کریں گے جن میں مبینہ خسارہ کیس کے علاوہ  پنجاب کی 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن کے خلاف کیس بھی شامل ہے۔

ان کے علاوہ دونوں بینچ  یونیورسٹیوں کے پرنسپلز کی تعنیاتی، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں مبینہ بے ضابطگیوں، سمبڑیال میں صحافی کے قتل کے خلاف از خود نوٹس اور ملک بھر میں فضائی آلودگی سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت بھی کریں گے۔

کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار مفاد عامہ کے بعض دیگر اہم کیسز کی سماعت بھی کریں گے۔

پیر کے روز مقدمات کی سماعت کے موقع  پر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر پنجاب یونیورسٹی کے کنٹریکٹ اساتذہ  نے ریگولر نہ کیے جانے اور محکمہ سی ٹی ڈی کے ملازمین  نے لیٹرمنسوخ کرنے پر احتجاج کیا۔


متعلقہ خبریں