فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں 22 برس سے اس الیکشن کا انتظار کر رہا ہوں۔
فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں صرف نو دن رہ گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کے معنی یہ ہوئے کہ ملک میں جلد تبدیلی آنے والی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیا کہ تبدیلی کے بعد پاکستان کی ترقی کا سفر شروع ہوگا۔ انہوں نے سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 30 سالوں سے تو ملک چوروں کے شکجنوں میں تھا۔
شرکائے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ اگر عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کا انتظار کرو گے تو دنیا کو کیا پیغام دو گے؟
پی ٹی آئی کے سربراہ نے خبردار کیا کہ وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے جب ان میں اخلاقیات نہ ہوں۔ انہوں نے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں یہی حال ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ انصافی کی انتہا یہ ہے کہ ملک لوٹنے والوں کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے ملک کو تباہ کیا۔