اسلام آباد: وفاقی وزا رت برائے آبی وسائل نے بھی دیا مربھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے امداد کا اعلان کردیا ہے۔
وزارت برائے آبی وسائل کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سیکریٹری برائے آبی وسائل اپنی 15 دن کی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق وزارت برائے آبی وسائل اوروفاقی سیلاب کمیشن کے گریڈ 17 کے ملازمین اپنی تین دن کی تنخواہ اور گریڈ 16 کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ بھی فنڈ میں دیں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے سب سے پہلے ڈیموں کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے جمع کرائے تھے۔
پاک فوج نے اپنے فوجی افسران کی دو اور جوانوں کی ایک روز کی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے مختص فنڈ میں جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے افسران، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے آفیسرز، خیبر پختونخوا (کے پی) کے افسران اور واپڈا کے آفیسرز نے بھی ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں عطیات جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان نے بھی فی کس ایک لاکھ روپے جمع کرائے ہیں۔
پاک فوج نے بھی اپنے فوجی افسران کی دو اور جوانوں کی ایک روز کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔