کوئٹہ: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ احتساب ہوگا تو سب کا ورنہ کسی کا نہیں ہوگا، کوئی بھی احتساب بلاتفریق ہو گا۔
چیئرمین نیب نے کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا پودا پنپ کر قد آور درخت بن چکا ہے، ملکی زوال کی اصل وجہ کرپشن ہے جس کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے، ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب پرعزم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی ایک سیاسی جماعت کو فوقیت نہیں دی جا رہی، بلوچستان میں ایک سابق وزیر کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہے جب کہ دو صوبائی وزرا کے خلاف تحقیقات انتخابات کے بعد ہو گی۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کو انتقامی کارروائی کی ضرورت نہیں، نیب کو سیاست اور انتخابی عمل میں مداخلت کی بھی کوئی ضرورت نہیں، ادارے پر اس طرح کے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے نیب کی کارروائیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے راولپنڈی سے نون لیگ کے امیدوار قمرالاسلام کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کو ساری خرابیاں صرف مسلم لیگ نون میں ہی نظر آ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہی نیب کو تحقیقات کا خیال آ گیا، جو آدمی دس سال ایم پی اے رہا ہو اسے انتخابات سے قبل گرفتار کرنا الیکشن کی توہین ہے۔