اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ہم حکومت میں آ کر ایک کروڑ نوکریاں اور پانچ لاکھ گھر فراہم کریں گے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت غریب ہو رہی ہے جبکہ ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہے، ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہیں، سول سروس میں سیاسی مداخلت نے بہت نقصان پہنچایا ہے، ہم کمزور اداروں کو مضبوط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے، پچھلے دس سال میں قرضے 27 ہزار ارب تک پہنچ گئے ہیں، آئندہ حکومت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں پولیس کو سیاست سے پاک کیا، اس صوبے میں دہشت گردی کا گراف نیچے آیا، ہمارے منشور کا اہم حصہ اداروں کو ٹھیک کرنا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم سی پیک سے فائدہ اٹھانے کی مکمل کوشش کریں گے، چھوٹی صنعتیں لگانے سے مزید کاروباری مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات بھی بڑھائیں گے، ملک میں سیاحت میں اضافے کی کوشش کریں گے، زراعت کے شعبے سے غربت ختم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستانی سول سروس کی پورے خطے میں مثالیں دی جاتی تھیں، یہ ایشیا کی بہترین بیوروکریسی تھی لیکن 90 کی دہائی میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے یہ اپنی استعداد کھو بیٹھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہیں، انسانیت اور انصاف ہمارے منشور کی بنیاد ہے، کرپشن پرقابو پانا سب سے زیادہ ضروری ہے، کرپشن کے خاتمے کےلیے نیب اور دیگر ادارے مضبوط کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ملکی خزانے میں اضافے کے لیے فیڈرل بیورو آف ریوینیو (ایف بی آر) میں اصلاحات لانا ضروری ہے، پانی کی قلت کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے بھی منصوبہ بندی کررکھی ہے، لائیو اسٹاک کے طریقوں کو جدید کرنے سے آسانیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔