واہ کینٹ: سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں کسی کے ہیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑا نہیں ہو سکتا، میں دوستوں پر قربان ہونے والا شخص ہوں 1985 سے منتخب ہورہا ہوں ،عزت عہدوں سے نہیں کردار سے آتی ہے۔
واہ کینٹ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ 34 سال وفاداری نبھائی ،نواز شریف نے بے وفائی کی آج انہیں سوچنا چائیے کون دوست تھا اور کون دشمن۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اب فیصلہ کرنا چاہیے میں ٹھیک تھا یا وہ لوگ جنہوں نے نواز شریف کو یہاں تک پہنچایا میں نواز شریف کو اس معاملہ سے بچانا چاہتا تھا۔
چوہدری نثار نے خطاب کے دوران کہا کہ میں نے حلقے کو کبھی ووٹرز سے نہیں تولہ جو کچھ ملا وہ حلقے پر لگایا میرے حلقہ کا مقابلہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے حلقے سے کریں۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ یہ عام الیکشن نہیں ہے پورے پاکستان کی نظریں میرے حلقے پر ہوں گی اور میرے مقابلے میں جو لوگ ہیں وہ فرشتے نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میرے مخالف امیدوار کچھ نہیں کرتے وہ میرے خلاف گندی زبان استعمال کرتے ہیں میرا مخالف ہر پارٹی میں رہا آج عمران خان کے ساتھ انقلاب لانا چاہتا ہے۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ میرے مخالف نے کوئی پارٹی نہیں چھوڑی ، سرور خان! اگر خود پر بھروسہ ہے تو پی ٹی آئی کا ٹکٹ چھوڑو اور بغیر ٹکٹ میرا مقابلہ کرو۔