پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی دفتر سیل

PTI

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی دفتر کو سیل کر دیا گیا۔

سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے عمارت کے اردگرد کا کچھ حصہ گرا دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کیا گیا۔ ایک منزل غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفتر کو سیل کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ انتخابات سے پہلے انتخابی نشان چھین لیا گیا اور اب دفتر چھینے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ نہیں ہوسکتا کہ بندوق ساتھ رکھ کر مذاکرات کیے جائیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ہمیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا اور سی ڈی اے حکام کو کہا کہ کوئی نوٹس دکھائیں مگر انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ 11 بجے دفتر سے فون آیا کہ پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روٹی کی قیمت میں مزید کمی کردی ،مریم نواز

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں آج بھی کوئی نوٹس نہیں ملا اور سی ڈی اے کے پاس یہ عمارت تحریک انصاف کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ بجلی اور گیس کے بل تحریک انصاف کے نام پر آتے ہیں۔ سی ڈی اے اگر سمجھتی ہے کہ یہ عمارت غیرقانونی ہے تو پہلے بتاتے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ گولی بھی چلائیں اور مذاکرات بھی کریں۔

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انتظامیہ صبح ہمارے پاس آتی اور بولتی تو ہم خود تجاوزات ختم کرا دیتے۔ سی ڈی اے سے پوچھ رہے ہیں کہ رات کے وقت آپریشن کیوں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے خلاف قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے۔ سی ڈی اے اور پولیس کے خلاف صبح مقدمہ درج کرائیں گے۔ آج جو کچھ ہوا ذمہ دار وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں