احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جولائی تک توسیع

فوٹو: فائل


لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کیس کے ملزم احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں تیرہ جولائی تک توسیع  کر دی ہے۔

احتساب عدالت  میں سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی، ایل ڈی اے) احد چیمہ سمیت چھ ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت جج نجم الحسن کے رخصت پر ہونے کے باعث جج چوہدری منیر نے کی۔

نیب نے موقف اختیار کیا کہ  آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں 61 ہزار شہریوں نے  درخواستیں جمع  کرائی ہیں، احد چیمہ نے اس منصوبے میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے۔

عدالت نے ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں نو روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں تیرہ جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر کیے جانے والا ریفرنس تین ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں نجی کمپنی کے مالک شاہد شفیق، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور بلال  قدوائی بطور ملزم نامزد ہیں، ریفرنس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) امیتاز حیدر اور سابق چیف ایگزیکٹو پی ایل ڈی سی عارف مجید  بٹ بھی نامزد کیے گئے ہیں۔

احد چیمہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم  کی اراضی میں خورد برد کے الزام میں گرفتار ہیں، انہیں 21 فروری کو حراست میں لیا گیا تھا جبکہ 24 فروری کو نیب نے بسم اللہ انجینئرنگ سروسز کے مرکزی عہدیدار شاہد شفیق کو بھی گرفتار کر لیا  تھا۔


متعلقہ خبریں