اسلام آباد: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔
فیصل آباد میں تیز بارش کے باعث چھت گرنے سے دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت بشیراں، شہناز اور منیر کے نام سے ہوئی، دیگر حادثات میں آٹھ افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وہاڑی میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سیوریج کا نظام درہم برہم ہو گیا جس کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار رہے، ریسکیو کا عملہ نکاسی آب میں مصروف ہے۔
ملکہ کوہسار مری اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے مری کا موسم ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
منچن آباد میں بارش نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے، شہر میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے گلیاں اور بازار گندے نالے کی شکل اختیار کر گئے ہیں۔
جہلم میں منگل کی شب ہونے والی بارش حکومتی نااہلی کے باعث شہریوں کے لیے زحمت بن گئی، نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب کا کام کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قصور میں 84 ملی میٹر، سرگودھا میں 53 ملی میٹر، جہلم 49 ملی میٹر، جوہر آباد 45 ملی میٹر، اسلام آباد 32 ملی میٹر، گجرات اور گوجرانوالہ میں 33 ملی میٹر، مری میں 20 ملی میٹر، سیالکوٹ 16 ملی میٹر، راولپنڈی 22 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین گیارہ ملی میٹر، مالم جبہ 41 ملی میٹر، بالا کوٹ 36 ملی میٹر، 13 ملی میٹر، کوہاٹ پانچ ملی میٹر، مظفر آباد 37 ملی میٹر، راولاکوٹ 17 ملی میٹر اور کوٹلی میں چھ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
صوبہ بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔