اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت شروع ہو گئی ہے، جج محمد بشیر کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کر رہے ہیں، سماعت سے قبل واجد ضیا نے حلف بھی اٹھا یا کہ جو کہوں گا سب سچ کہوں گا، عدالت سے کچھ نہیں چھپاوَں گا۔
ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے لیے آج دن دو بجے کا وقت مقرر ہے جس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز اپنے حتمی دلائل مکمل کریں گے۔
نوازشریف اور مریم نواز کو دو دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے اس لیے وہ آج احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے، گزشتہ سماعت میں نواز شریف اور مریم نواز نے عدالتی حاضری سے سات روز کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی تاہم عدالت نے انہیں دو دن کا استثنیٰ دیا تھا، درخواست کے ساتھ بیگم کلثوم نواز کی نوٹری پبلک سے تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی تھی۔