اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے لیے ملک بھرمیں 85 ہزار307 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے جائیں گے۔
ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق چاروں صوبوں، فاٹا اور اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشنز کے لیے تیاری مکمل کر لی گئی ہے، پنجاب میں 47 ہزار813 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جبکہ سندھ میں ان کی تعداد 17 ہزار 747 ہو گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا (کے پی) میں 12 ہزار634 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جبکہ بلوچستان میں چار ہزار 420 اور فاٹا میں ایک ہزار 986 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔
اسی طرح اسلام آباد کے تین حلقوں این اے 52، این اے 53 اور این اے 54 کے لیے سات سو 97 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں کے لیے ہر ایک کلو میٹر کے بعد ایک پولنگ اسٹیشن قائم کیا جائےگا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ ڈالنے کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ بھی کر دیا تھا۔