مریم نواز کا این اے 127 سے انتخاب لڑنے کا حتمی فیصلہ


لاہور: مریم نواز کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 سے انتخاب لڑانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ مریم نواز نے کہا ہے کہ پارٹی جہاں سے کہے گی انتخاب لڑوں گی۔

مریم نواز کی این اے 125 سے انتخاب نہ لڑنے کے پیچھے اصل کہانی بھی سامنے آ گئی ہے، ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے 125 سے مریم نواز کی غیر موجودگی میں انتخابی مہم چلانے میں مشکلات پیش آ سکتی تھیں اور مریم نواز کی وطن واپسی میں تاخیر سے مہم متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔

این اے 125 میں مریم نواز کو مہم چلانے کے لیے زیادہ وقت درکار تھا جبکہ مسلم لیگ نون کے رہنما بلال یاسین کو این اے 125 کے حلقے کی صوبائی نشست پر ٹکٹ دیے جانے کی وجہ سے یونین کونسلز کے چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کی جانب سے مخالفت کی جا رہی تھی اور بلدیاتی نمائندوں نے مہم میں حصہ نہ لینے کا اعلان  کر رکھا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 میں مریم نواز کی غیر موجودگی میں بھی قیادت کو الیکشن مہم چلانے میں کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔

مریم نواز نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا حلقہ تبدیل نہیں ہوا بلکہ حلقے کا اعلان ہی آج ہوا ہے، میں نے این اے 125 سے انتخاب لڑنے کے لیے پارٹی کو درخواست دی تھی لیکن پارٹی نے مجھے این اے 127 سے ٹکٹ دیا ہے اور یہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ میں اس حلقے سے انتخاب لڑوں۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی وہ پاکستان واپس چلی جائیں گی اور پارٹی جہاں سے بھی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرے گی وہیں سے انتخاب لڑیں گی، سینیٹ انتخابات میں تو ہمارے امیدواروں کو شیر کے نشان سے ہی محروم کردیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں