کراچی: کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کو کراچی میں بجلی سستی کرنے کا فارمولا پیش کر دیا۔
صدر کراچی چیمبر آف کامرس نے چیئرمین نیپرا کو مہنگی بجلی کے حوالے سے ایک خط لکھ دیا۔ جس میں کراچی میں مہنگی ترین بجلی کا ذمہ دار حکومت اور کے الیکٹرک کو ٹھہرایا گیا ہے۔
تاجر رہنما نے خط میں کراچی میں بجلی سستی کرنے کا فارمولا بھی پیش کر دیا۔ چیئرمین نیپرا سے خط میں اٹھائے گئے نکات پر فوری سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے خط میں صارفین سے پی ایچ ایل سر چارج کی مد میں 3.23 روپے فی یونٹ وصولی کو ناانصافی قرار دیا۔
خط کے مطابق کے ای فیول ایڈجسٹمنٹ مد میں ڈسکوز سے 3 سے 5 روپے زیادہ چارج کر رہی ہے۔ کورونا میں بجلی کے اضافی استعمال کی 33 ارب کی سبسڈی کراچی کو ادا نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زیادہ کمی
کہا گیا کہ کراچی کے بجلی صارفین سے 1.52 روپے یونٹ اضافی سرچارج کیا جا رہا ہے۔ ان مسائل کو حل کرنے سے صارفین کے لیے بجلی 7 سے 8 روپے فی یونٹ سستی ہو سکتی ہے۔
خط میں نیپرا سے درخواست کی گئی ہے کہ کراچی کے اسٹیک ہولڈرز کو فوری سماعت کے لیے بلایا جائے۔