اسلام آباد: متحدہ قبائل پارٹی نے نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
متحدہ قبائل پارٹی اور تحریک نوجوانان کے مظاہرین نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا احتجاج ختم کر کے نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ فاٹا میں بھی خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے ساتھ ہی انتخابات کرائے جائیں۔
فاٹا سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے پیر کے روز احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس نے خاردار تاریں لگا کر ان کا راستہ روک لیا، مذاکرات کے بعد متحدہ قبائل پارٹی اور تحریک نوجوانان کے 25، 25 افراد کو نادرا چوک پر احتجاج ریکارڈ کرانے کی اجازت دے دی گئی۔
بعد ازاں مظاہرین نادرا چوک سے ٹولیوں کی صورت میں نیشنل پریس کلب روانہ ہوئے جہاں انہوں نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔