زلفی بخاری نے پانچ آف شور کمپنیوں کی ملکیت تسلیم کرلی

زلفی بخاری کی پانچ آف شور کمپنیوں کے مالک ہونے کی تصدیق | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری نے نیب کی  تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پانچ آف شور کمپنیوں کی ملکیت تسلیم کرلی ہے۔ نیب نے ان کے اعتراف کے بعد انہیں دو دن بعد دوبارہ طلب کرلیا ہے۔

پانچ آف شور کمپنیوں کی ملکیت کی تصدیق کرنے کے بعد نیب نے انہیں 27 جون کو اپنے بیان سے متعلق مزید تفصیلات پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

پاناما میں متعدد آف شور کمپنیوں کے مالک ذوالفقار بخاری عرف زلفی بخاری کو نیب راولپنڈی نے فروری 2018 میں سمن جاری کیا تھا۔

زلفی بخاری نے نیب روالپنڈی کے باہر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت میں کہا کہ بدھ کو میڈیا سے بات کروں گا۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ نیب میں ابھی تفتیش چل رہی ہے اس لیے بات چیت ہوگی تو علم ہوجائے گا۔

نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے انتہائی قریبی دوست سے ون آن ون تفتیش کی۔ نیب میں پیشی سے قبل تفتیشی ٹیم نے زلفی بخاری کے وکیل کو باہر روک دیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان گزشتہ دنوں جب عمرہ کی ادائیگی کے لیے نجی جہاز سے سعودی عرب گئے تھے تو زلفی بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس وقت ذرائع ابلاغ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے اعلیٰ حکام جہاز کو پرواز کی اجازت نہیں دے رہے تھے تو قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کسی کوفون کرکے ان کا نام ای سی ایل سے نکلوایا تھا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اس الزام کی تردید کی گئی تھی۔ زلفی بخاری کا نام البتہ شہ سرخیوں کی زینت بن گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں