شاہد خاقان عباسی کا گھیراؤ، گو منشی گو کے نعرے


کہوٹہ: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اس وقت لینے کے دینے پڑ گئے جب وہ اپنے انتخابی حلقے میں جلسے سے خطاب کے لیے پہنچے۔

کہوٹہ پہنچنے پر مظاہرین نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا اور ووٹر کو عزت دو کے علاوہ گو منشی گو اور گو عباسی گو کے نعرے لگائے، اس موقع پر پولیس نے مداخلت کی اور بہ مشکل شاہد خاقان عباسی کو جانے کا راستہ ملا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے راولپنڈی کہوٹہ روڈ  ڈبل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ کہاں گیا،  انہوں نے 100 کلومیٹر نئی سڑک بنانے کا اعلان بھی کیا لیکن وہ بھی جھوٹا ثابت ہوا، مظاہرین نے یہ بھی یاد دلایا کہ سابق وزیراعظم نے یونیورسٹی بنانے کا اعلان تو کیا مگر اس کی ایک اینٹ تک نہ لگی۔

پولیس کی مدد سے شاہد خاقان عباسی جلسہ گاہ تک پہنچے اور اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ مشکل حالات کے باوجود نواز شریف نے پاکستان کی خدمت کی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب جانتے ہیں ملک کے مسائل نون لیگ ہی حل کر سکتی ہے۔

مظاہرے اور اس کے شرکا کے نعروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ گیس اور بجلی نہ ملنے پر ناراض ہیں لیکن مسلم لیگ نون دوبارہ بر سر اقتدار آکر ان کے مسائل حل کر دے گی۔

بعد ازاں کلر سیداں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت،عزت اور ملک کی ترقی کی سیاست کی بات کی ہے، آج تک مسلم لیگ نون پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگ سکا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی دیکھ لیں آپ کو مسلم لیگ نون کا ہی کام نظر آئے گا، ہم نے ہی پاکستان کے مسائل کو حل کیا اور روزگار کو بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کی، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ملک کی معیشت تو کمزور ہو اور نوجوان کو روز گار مل رہا  ہو۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حقائق کا مقابلہ صرف وہی لوگ کرسکتے ہیں جنہوں نے کام کیا ہو اور ہم نے پانچ سال تک کام  ہی کیا ہے، خود پر لگنے والے کسی الزام کا جواب نہیں دیا کیونکہ ہماری سیاست صرف عوام کی خدمت کی سیاست  ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جماعت پاکستان کو استحکام دے سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ نون  ہی  ہے اور معیشت اُس وقت ہی ترقی کرتی ہے جب ملک میں استحکام ہوگا، جب ہماری حکومت آئی تو کراچی دنیا کے پانچ خطرناک ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا لیکن اب کراچی امن کا گہوارہ بن چکا ہے۔


متعلقہ خبریں