نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان


میانوالی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کو نکالنے کی نہیں اڈیالہ جیل میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف صرف دو سوالوں کے جواب دے دیں کہ لندن فلیٹ خریدنے کے پیسے کہاں سے آئے اور باہر کیسے گئے۔

اپنی انتخابی مہم کے آغاز پر میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے پوری ایمانداری سے ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پر کی ہے، جنہیں ٹکٹ نہیں ملے میں ان سے معذرت چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی میں سب میرے رشتے دار ہیں اور سب ہی مجھ سے ٹکٹ مانگ رہے تھے لیکن میں نے اپنے کسی رشتے دار کو ٹکٹ نہیں دیا کیونکہ تحریک انصاف اور دوسری جماعتوں میں یہی فرق ہے کہ وہ  رشتے داروں اور دوستوں کو ٹکٹ دیتے ہیں اور میں ایسا نہیں کرتا۔

عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ اگر لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو میرا نام بدل دینا اب عوام ہی بتائیں کہ کیا لوڈ شیڈنگ ختم  ہوئی، لگتا ہے کہ شہباز شریف بجلی شاپر میں ڈال  کر اپنے ساتھ  لے گئے ہیں۔

پاکستانی قرضوں سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان پر کبھی اتنا قرضہ نہیں چڑھا جتنا ان دو بھائیوں نے چڑھا دیا ہے، قرضہ 13 ہزار ارب سے 27 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل مل سب ہی خسارے میں جا رہے ہیں،  یہ بتا دیں کہ انہوں نے حکومت کا کون سا ایک ادارہ بہتر کیا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ نواز شریف اور اُن کے بیٹوں نے تین سو ارب ڈالر کا حساب دینا ہے جبکہ نواز شریف نے پانچ سالوں میں ملک کا 36 ہزار ارب روپے کا نقصان کیا ، اب سابق وزیراعظم  کے بیٹے لندن بھاگ گئے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم تو پاکستان کے شہری ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے پاس تجربہ کار ٹیم ہے، سارے مسئلے حل کر دیں گے، ہاں واقعی احسن اقبال کے پاس تجربہ کار چوروں، ڈاکوؤں اور کرپشن کرنے والوں کی ٹیم موجود ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ چند ہفتوں میں نیا پاکستان بن جائے گا اور ہم پورے پاکستان کا نظام بدل دیں گے، ہم نے خیبرپختونخوا ( کے پی ) میں تعلیم کا نظام بہتر کیا ہے اور ڈیڑھ لاکھ بچوں کو پرائیویٹ اسکولز سے نکال کر سرکاری اسکولوں میں لائے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں ملک سے آٹھ ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر کے دکھاؤں گا اور ہم اس پاکستان کو تبدیل کردیں گے، پھر بیرون ملک سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے کے لیے پاکستان کا رخ کریں گے۔


متعلقہ خبریں