پشاور: نگراں حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا (کے پی) کا اگلے چار ماہ کا بجٹ 26 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
صوبائی محکمہ خزانہ نے چار ماہ کی بجٹ سمری منظوری کے لیے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کو ارسال کردی ہے، بجٹ کی منظوری صوبائی کابینہ سے لی جائے گی۔
ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق صوبائی بجٹ میں مجاز اخراجات کے لیے 198 ارب 50 کروڑ روپے، جاریہ اخراجات کے لیے 145 ارب 40 کروڑ روپے اور ترقیاتی اخراجات کے لیے 53 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کی گزشتہ حکومت نے بجٹ پیش نہ کرنے کا فیـصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ بجٹ نگراں حکومت ہی پیش کرے گی، اس سے قبل تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 16 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اتحادی جماعت اسلامی کی علیحدگی کے باعث اسمبلی میں تحریک انصاف کی اکثریت کم ہو کر 42 ارکان رہ گئی تھی جس کی وجہ سے کے پی کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ منسوخ کردیا گیا تھا۔