موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم برقرار

موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصولی نہ کرنے کا حکم برقرار | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قائم اسلام آباد ہائی کورٹ نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران نجی اسکولوں کو فیس وصول نہ کرنے کا حکم برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔

بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیس وصول کرنے کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس اسکول نے حکم عدولی کی ان کو توہین عدالت کے نوٹس بھیجیں گے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ تعلیم کی سودا گری ظلم و استحصال ہے۔

پرائیویٹ اسکولز کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ کچھ لوگ کل تک ہنڈا 70 پر تھے اور آج پانچ کروڑ کی لینڈ کروزر میں پھرتے ہیں۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ کچھ اسکول ٹیچرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے متعلق درخواست دی ہے اس پر بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

راشد حنیف ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ حکم نامے پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔

عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں میں فیس وصول کرنے کے خلاف مقدمہ کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔

18 مئی 2018 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولز کو طالب علموں سے موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے سے روک دیا تھا۔


متعلقہ خبریں