اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری کے پاس مجموعی طور پردو کروڑ روپے کے اثاثے موجود ہیں، حسن عسکری کے پاس 70 لاکھ روپے مالیت کا گھر، نو لاکھ 30 ہزار روپے نقدی اور پرائز بانڈز موجود ہیں جبکہ ان کا بینک بیلنس بھی ایک کروڑ روپے بتایا جاتا ہے۔
حسن عسکری نے رواں ماہ آٹھ جون کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی حثیثت سے حلف اٹھایا تھا، ان کی نامزدگی سے قبل پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ مشکلات کا شکار رہا، حسن عسکری کے نام پر بھی اپوزیشن اور حکومت میں اتفاق رائے نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے باہمی مشاورت سے ان کے نام کا اعلان کیا تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری ماہر تعلیم، دفاعی تجزیہ کار، پروفیسر اور کالم نگار ہیں جبکہ ان کا نام پی ٹی آئی کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔