نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا


نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کے موقع جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، حافظ نعیم الرحمان سابق امیر سراج الحق سے گلے مل کر رو پڑے۔ جماعت اسلامی کے دیگربزرگ رہنماؤں نے بھی نومنتخب امیر جماعت اسلامی کو استقامت کی دعا دی۔

حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جمہوری طریقے اور جمہور کی طاقت سے انقلاب لانا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی پوری قوم کی قیادت کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھ کرکرتی ہے، جماعت اسلامی کا ہر کارکن پاکستان کی حفاظت کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس خوبصورت آئین ہے جو سب کو حقوق فراہم کرتا ہے، جو لوگ 76 سال سے نظام چلارہے ہیں ان کو اعلان کرنا چاہیے وہ ناکام ہوگئے ہیں، فارم 47 والے پاکستان کی قیادت کے اہل نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی ادارے،کسی شخص اور کسی پارٹی سے کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم سب سے بات کریں گے، ہمیں انتخابات کی سیٹیں لینےکی جلدی نہیں،کارکن تیاری کریں ہم ملک گیر تحریک چلائیں گے۔

سراج الحق امیر جماعت اسلامی کے عہدے سے مستعفی

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم پاکستان کے25 کروڑ لوگوں کے ساتھ اتحاد کریں گے، جماعت اسلامی کے سوا اس ملک کے پاس کوئی چوائس نہیں، نظام جمہوری ہے تو جمہوریت کی پامالی نہیں ہونی چاہیے، ہم ہر اس شخص کےساتھ کھڑے ہوں گے جسےفارم47 کے ذریعے ہرایا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ سب کو اپنی اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جانا پڑے گا، سب بند گلی میں پھنس گئے ہیں، ہم پاکستان کے تحفظ کے لیے سب کچھ کریں گے، پاکستان ہمارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن کہاں ہے؟ کون نہیں بننے دے رہا؟ آئی ایم ایف جاگیرداروں پر ٹیکس لگانےکا نہیں کہتا؟

 


متعلقہ خبریں