نیوزی لینڈ سیریز: قومی ٹیم کا اعلان 5 اپریل تک متوقع، شاہین کو آرام دینے کی تجویز

نیوزی لینڈ سیریز

پاک نیوزی لینڈ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان 5 اپریل کو متوقع ہے، سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ابتدائی میچز میں آرام کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 روزہ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہونے جارہا ہے۔ اس حوالے سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے سلیکٹرز کی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں پر مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم سے بھی رائے لینے کے بعد نام منظوری کے لیے کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو بھجوائے جائیں گے۔ شاہین شاہ آفریدی کو ابتدائی میچز میں آرام کرانے کی تجویز ہے جبکہ نسیم شاہ کو بھی منتخب میچز میں ہی کھلایا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا دورہ کاکول، بابر اور شاہین سے اہم ملاقات کریں گے

اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی آج کاکول اکیڈمی میں کپتان بابر اعظم سمیت قومی کرکٹرز سے ملاقات کریں گے۔ سلیکٹرز آج پی سی بی چیئرمین کو کھلاڑیوں کی فٹنس پر رپورٹ دیں گے۔

سلیکشن کمیٹی ارکان ان دنوں فٹنس کیمپ میں موجود ہیں اور وہ ہر سیشن میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ محسن نقوی نے سلیکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کو میچ فٹنس کے لیے بھرپور موقع دیا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں