اسلام آباد (زاہد گشگوری، ہیڈ آف ہم انویسٹیگیشن ٹیم): بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے گزشتہ 3 سال میں 17 ہزار مقدمات سامنے آ گئے۔
ہم انویسٹیگیشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے گزشتہ 3 سال میں عدالتوں، پولیس، ایف آئی اے اور نیب کے پاس مقدمات درج کرائے۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 2213 جبکہ کراچی سے 2189 کیسز سامنے آئے اور سعودی عرب میں مقیم 5487 پاکستانیوں نے اپنی شکایات درج کرائی۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم 4879 پاکستانیوں نے یہاں عدالتوں اور ایف آئی اے کو درخواستیں دیں۔ ان مقدمات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ 3 سو 20 ارب روپے کے فراڈ، چیٹنگ اور مالی بے ضابطگیاں شامل ہیں جبکہ 80 فیصد شکایات ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے متعلق تھیں۔
دستاویزات کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں نے 3 سال میں 7 ہزار سے زائد کیس پنجاب کی مختلف عدالتوں میں درج کرائے جبکہ 2 ہزار 4 سو درخواستیں سندھ ہائی کورٹ اور 6 سو زائد مقدمات خیبر پختونخوا کی عدالتوں کو موصول ہوئے۔
وزیر اعظم پورٹل پر 5 ہزار شکایات درج کرائی گئیں لیکن ان کا ازالہ نہیں ہوا۔ 3 ہزار 2 سو بیرون ملک جیلوں میں پاکستانیوں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: بانی تحریک انصاف کا 3بار رنگ پسند نہ آنے پر فرنیچرتبدیل کیا گیا، جاوید لطیف
وزارت اوورسیز پاکستانی حکام کے مطابق صوبوں اور سینٹر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے باقاعدہ عدالتیں کھولی گئیں جبکہ ہائی کورٹس اور مقامی عدالتیں میں بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے مخصوص سیل کھولے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مقدمات کو نیب، ایف آئی اے، پولیس اور اینٹی کرپشن ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہے ہیں جبکہ اوورسیز فاؤنڈیشن بیرون ملک قید پاکستانیوں کو قانونی مدد فراہم کر رہی ہے۔ 4 ہزار قیدیوں کو پچھلے 3 سال میں رہا بھی کروایا گیا ہے۔