سعودی عرب میں عید الفطر کے موقع پر 4 روزہ تعطیلات کا اعلان


سعودی عرب نے عید الفطر کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے 4 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت کے مطابق چھٹیوں کا آغاز پیر 8 اپریل سے ہوگا۔ مملکت کی وزارت برائے انسانی وسائل و معاشرتی ترقی نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ زیادہ تر ملازمین کو پیر 8 اپریل سے چار دن کی چھٹی ملے گی۔

پیر سے شروع ہونے والی چھٹیاں جمعرات 11 اپریل تک دی گئی ہیں جبکہ سعودی عرب میں جمعہ اور ہفتہ ہفتے کا اختتام ہوتے ہیں اس لیے ملازمین کُل 6 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق نجی اور سرکاری دونوں شعبوں کے ملازمین اتوار 14 اپریل سے کام کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں سال سعودی عرب میں پہلا روزہ 11 مارچ کو رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان میں عید الفطر 10 یا 11 اپریل کو ہوگی۔ عید الفطر پر سرکاری طور پر تین چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ بدھ 10 اپریل سے جمعہ 12 اپریل تک عید کی تعطیلات کے بعد ہفتہ وار تعطیل ہے لہذا پاکستانیوں کو بھی 5 دن کی چھٹی تو مل ہی جائے گی۔


متعلقہ خبریں