سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کیلئے ریاست کو داؤ پر لگایا گیا، عطا تارڑ

Ata Tarar عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے ریاست کو داؤ پر لگایا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہا جارہا تھا ہم کوئی غلام ہیں؟ پوری قوم کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ جھوٹ بولا گیا اور ایک سازش کے تحت پاکستان کے تشخص کو متاثر کیا گیا۔ اپنے سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لیے ریاست کو داؤ پر لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے مفاد پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی گئی اور پوری قوم سے جھوٹ بول کر ایک ایسا بیانیہ بنایا گیا جس میں رتی برابر حقیقت نہیں۔ جھوٹ کا ہمیشہ انجام برا ہوتا ہے اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جیسے جلسے میں سائفر لہرایا اس کی مذمت کرتا ہوں اور ان کی سیاست ہے ہی دوہرے معیار کی سیاست۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے مطابق سائفر کی کہانی سراسر جھوٹ تھا اور ہم کہہ رہے تھے کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں لیکن اپنی سیاست چمکانے اور انا کی تسکین کے لیے قومی مفاد کو داؤ پر لگایا گیا۔ پی ٹی آئی کے لوگوں نے کانگرس کی ہیئرنگ میں شور مچایا تو انہیں باہر نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سب کے سامنے سچ کھل کے آ گیا ہے اور آپ جھوٹے ثابت ہو گئے۔ اتنا بڑا جھوٹ بولا گیا اور آپ کی آڈیو آئی کہ ہم نے اس پر کھیلنا ہے جسے پوری قوم نے سنا۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات، الیکشن کمیشن نے ایپلٹ ٹریبونلز قائم کر دیئے

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو پوری دنیا کے سامنے جھوٹا کہا گیا۔ ہم قومی سلامتی اور قومی مفاد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے جبکہ میں سمجھتا ہوں سائفر کا کیس یہی تھا کہ آپ نے جھوٹ بولا تاہم کیس چل رہا ہے، کیس تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ پہنچایا اور ریاست کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ خود کسی امید پر کانگرس کمیٹی کے پاس گئے ہوں گے اور نیت خراب ہو تو یہیں انجام ہوا کرتا ہے۔ وزیروں مشیروں کے عہدوں پر رہنے والے حکومت ختم ہوتے ہی باہر چلے گئے۔ یہ آئی ایم ایف کا کام نہیں کہ ہمارا لیڈر رہا کرو بلکہ عدالتوں میں اپیل کریں۔


متعلقہ خبریں