پی ٹی آئی کے جلسہ کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت آج ہو گی

شیرانی گروپ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت دینے کے حوالے سے درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے پر تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق آج سماعت کریں گے۔

تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوں گے جبکہ درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت سے 23 مارچ کو رات 10 بجے اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پاکستان تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ، ایف 9 پارک یا ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دی جائے اور عدالت فریقین کو جلسے کے روز سڑکیں بند کرنے، شرکاء کے خلاف پرتشدد کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کرے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک بیٹھے لوگ دشمنوں سے پیسے لے کر معاملات چلاتے ہیں، عطا تارڑ کا الزام

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں 23 مارچ کی رات جلسے کی اجازت طلب کر رکھی ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں جلسے کے لیے 3 مقامات ڈی چوک، ایف نائن پارک اور پریڈ گراؤنڈ تجویز کیے گئے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ تینوں میں سے کسی بھی جگہ جلسے کی اجازت دی جائے اور اگر 23 مارچ کو ممکن نہ ہو تو 30 مارچ کو جلسے کی اجازت دی جائے۔


متعلقہ خبریں