بیرون ملک بیٹھے لوگ دشمنوں سے پیسے لے کر معاملات چلاتے ہیں، عطا تارڑ کا الزام

متحدہ عرب امارات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک سے باہر بیٹھے لوگ دشمنوں سے پیسے لے کر معاملات چلاتے ہیں۔ آپس میں بیٹھ کر سوشل میڈیا پر کرنے اور نہ کرنے کی چیزیں طے کرنی چاہیئیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا عاصمہ شیرازی کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ جس کے پاس حکومت ہوتی ہے اس کی ذمہ داری بھی زیادہ ہوتی ہے اور حکومت میں ہوتے ہوئے دل بڑا رکھنا پڑتا ہے۔ شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی میثاق مفاہمت کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں ہم شدید سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہے تھے اور ہم نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے میثاق معیشت کی بات کی تھی۔

وارنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ جاری کرتی ہے اور اگر اے ٹی سی نے وارنٹ جاری کیے ہیں تو اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ مقدمہ صرف علی امین گنڈاپور کے خلاف نہیں بلکہ یہ 12 لوگوں پر درج ہے۔ جو مقدمات چل رہے ہیں انہیں انجام تک پہنچانا ہے اور یہ ایک پراسس سے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کا سیاحتی لوگو جاری کرنے کا فیصلہ

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے بڑی اچھی ملاقات ہوئی تھی اور سنی اتحاد کونسل نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں حصہ لیا جو جمہوریت کے لیے اچھا ہے۔ پنجاب میں ہمارے لوگ بھی ہارے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسٹیٹ کی نہیں سِلف ریگولیشن ہونی چاہیے اور ہمیں آپس میں بیٹھ کر سوشل میڈیا پر کرنے اور نہ کرنے کی چیزیں طے کرنی چاہیئیں۔ ملک سے باہر بیٹھے لوگ دشمنوں سے پیسے لے کر معاملات چلاتے ہیں جبکہ آزادی اظہار رائے ایک مقدس حق ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے بدترین سلوک کے باوجود ان کی طرف ہاتھ بڑھائے تھے اور اس ملک میں سیاسی قوتوں کو مل جل کر ساتھ چلنا ہو گا کیونکہ سیاسی استحکام آئے گا تو ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔

نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ نواز شریف لمبے عرصے کے لیے ملک سے باہر نہیں جارہے یہ افواہ ہے اور نواز شریف ہر سال رمضان کا آخری عشرہ سعودی عرب میں گزارتے ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ عمرہ کرنے جائیں گے تو لندن کا بھی چکر لگائیں گے لیکن میرے پاس کوئی ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ نوازشریف لندن جائیں گے وہ ادھر ہی رہیں گے کہیں نہیں جارہے۔


متعلقہ خبریں