سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ غلط تھا، بیرسٹر علی ظفر

علی ظفر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ غلط تھا۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران شیر افضل مروت کی اس بات کو درست قرار دے دیا کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ غلط تھا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے فیصلہ یہی ہوا تھا کہ جے یو آئی شیرانی گروپ کے ساتھ اتحاد کریں گے کیونکہ ہمیں مخصوص سیٹیں چاہیئیں تھی لیکن جب فائنل مذاکرات ہوئے تو شیرانی گروپ کے ساتھ اتحاد نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد کا اگلا آپشن مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) تھا اور ان کا پارلیمنٹ میں ایک ممبر بھی تھا لیکن آخری وقت میں فیصلہ تبدیل ہوا اور اتحاد سنی اتحاد کونسل کے ساتھ ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت آئی ایم ایف سے مزید غلامی پر بات کر رہی ہے، سراج الحق

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے انتخاب نہیں لڑا اور نہ انہوں نے مخصوص نشستوں کی فہرست دی تھی۔ اس حوالے سے شیر افضل مروت ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا فیصلہ غلط تھا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی اور باہر آکر سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا اعلان کر دیا۔ فیصلہ کیوں تبدیل ہوا شیر افضل مروت اور باقی لوگوں کو معلوم ہو گا، میرے خیال سے اس حوالے سے مس کمیونیکشن ہوئی۔


متعلقہ خبریں