گزشتہ سال ساڑھے 21 ارب روپے فلاحی کاموں پر خرچ کیے، صدر الخدمت فاؤنڈیشن


راولپنڈی: صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے 2023 میں 21 ارب 49 کروڑ روپے فلاحی کاموں پر خرچ کیے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں، طلبا، قیدیوں، معذوروں، ایمرجنسی ڈیزاسٹر و دیگر شعبوں میں 2 کروڑ 5 لاکھ افراد کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ 29 ہزار یتیم بچوں کی کفالت، 5 ہزار 569 طلبا کو 436 ملین کی اسکالر شپ، 7 ارب 50 کروڑ روپے صحت کے شعبے پر سالانہ خرچ ہوا۔

الخدمت فانڈیشن کے فلاحی کاموں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 39 ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹرز کے ذریعے الخدمت کے 67 ہزار رضاکاروں نے 6 لاکھ 25 ہزار متاثرین کو ریلیف پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 22 آغوش سینٹرز اور گھروں میں 29 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے جبکہ سال 2023 کے دوران 52 اسپتالوں، 50 میڈیکل سینٹرز، 113 ڈائیگناسٹک سینٹرز، 310 ایمبولینس، 54 فارمیسیز، ایک ہزار 144 میڈیکل کیمپ کے ذریعے ایک کروڑ 2 لاکھ 21 ہزار 527 افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت نے بیرسٹر گوہر کو منا لیا، ساتھ دینے کا اعلان

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ سال 2022 کے سیلاب کے دوران متاثر ہونے والی 70 ہزار خواتین کو الخدمت سیف مدرسیف چائلڈ پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ کیا اور ان کی زچگی سے متعلق تمام امور میں انہیں میڈیکل اور غذائی سہولیات فراہم کی گئیں جس پر ایک ارب روپے خرچ کیے۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ نے 30 ہزار 840 متاثرہ خاندانوں کو فوڈ پیکج اور 8 ہزار 310 کو خیمے اور ٹینٹ فراہم کیے۔ الخدمت فاؤنڈیشن مستحق 14 ہزار افراد کو 43 کروڑ کے بلاسود قرضے فراہم کر چکی ہے۔


متعلقہ خبریں