مسلم لیگ ن کے پاس اب کوئی بہانہ نہیں، فیصل کریم کنڈی

Faisal-Kareem

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اکیلے حکومت کر رہی ہے اب ان کے پاس کوئی بہانہ نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹو نائٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ایک فارمولا طے ہوا ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی مضبوط امیدوار ہیں تاہم پارٹی نے ابھی فیصلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لیے بھی ہمارے پاس مضبوط امیدوار ہے جس کا جلد فیصلہ ہوجائے گا۔ پیپلز پارٹی نے فیصلہ نہیں کیا کہ وہ کابینہ کا حصہ بنے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ قومی اسمبلی میں 107 نشستوں کیساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے اور سی ای سی کمیٹی نے 5 سال کی مدت کو بانٹنے کو رد کیا تاہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ پیپلز پارٹی کابینہ میں جائے گی۔

انہوں ںے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں مسلم لیگ ن کے پاس کوئی بہانہ نہ ہو اور اب مسلم لیگ ن اکیلے حکومت کر رہی ہے اب ان کے پاس کوئی بہانہ نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن کو فیصلے کرنے کا حق ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح کرے گی اور پیپلز پارٹی کو بھی تحفظات ہوں گے تو وہ ثبوت کے ساتھ پیش کرے گی۔ احتجاج کریں مگر ثبوتوں کے ساتھ کرنا چاہیے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں حلف برداری کے دوران ہم احتجاج نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں