ریاض: سعودی حکومت نے آئندہ حج میں چندہ جمع کرنے پر 7 سال قید اور 50 لاکھ ریال جرمانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی بغیر اجازت چندہ جمع نہ کرے بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چندہ جمع کرنے سے متعلق فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے آئندہ حج میں شرکت کرنے والے عازمین کو غیر مجاز فنڈ ریزنگ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ چندہ جمع کرنے والے کو 7 سال تک قید، 50 لاکھ ریال تک جرمانہ یا ممکنہ طور پر دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اولین ترجیح جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیل کا انخلا ہے، فیصل بن فرحان
پبلک پراسیکیوشن کے مطابق مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر چندہ یا نقد رقم جمع کرنا سختی سے منع ہے۔
انہوں نے انسداد مالیاتی فراڈ اور ٹرسٹ قانون کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مالی فوائد کے لیے دھوکا دہی یا گمراہ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اس سے قبل سعودی وزارت حج نے عمرہ زائرین کو عمرہ پرمٹ کی پابندی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے زائرین کو رش سے بچانے کے لیے عمرہ پرمٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت عمرہ کرنے والے اس وقت کا انتخاب کرسکتے ہیں جب انہیں سہولت ہو اور حرم شریف میں رش بھی نہ ہو۔