ملک بھر میں بارشیں، بالائی علاقوں میں برفباری

برفباری

اسلام آباد: ملک بھر میں ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں کہیں تیز اور کہیں آہستہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔

چترال اور دیر میں شدید برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ لواری ٹنل کے اطراف بھی برفباری ہوئی۔ انتظامیہ دیر بالا کے مطابق لواری ٹنل ٹریفک کے لیے کھلا ہے اور بھاری مشینری کے ذریعے سڑک سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال، گاڑیاں ڈوب گئیں

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر گاڑیاں اور سیاح سنو چین استعمال کریں اور بغیر سنو چین کے گاڑیاں لواری ٹنل کی طرف سفر نہ کریں۔

کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں زیرآب آ گئیں اور گاڑیوں ڈوب گئیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے میئر کراچی کو فوری طور پر شہر کی صورتحال بحال کرنے کی ہدایت کی تو وزیر داخلہ نے بھی نوٹس لیتے ہوئے شہر میں ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی ہدایت کی۔

بلوچستان میں آواران سے زیادت تک بارش نے تباہی مچا دی جس کے باعث کچے مکانات اور دیواروں کو نقصان پہنچا۔ ضلع خضدار میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

مکران میں 7 گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث دریائے سامی میں طغیانی آ گئی جبکہ میرانی ڈیم بھی پانی سے بھر گیا۔


متعلقہ خبریں