کراچی کی شاہراہوں پر سیلابی صورتحال، گاڑیاں ڈوب گئیں


کراچی: شہر قائد میں موسلا دھار بارش کے باعث شاہراہوں پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جبکہ شاہراہ فیصل پر گاڑیاں ڈوب گئیں۔

شہر قائد کے علاقے شاہراہ فیصل پر بارش کے بعد سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ بیشتر نشینی علاقے زیرآب آگئے۔

طارق روڈ پر بھی سڑکیں مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئیں اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ ایمبولینسز بھی پانی میں پھنس گئیں۔

کراچی آرٹس کانسل میں بھی برساتی پانی داخل ہو گیا جبکہ آرٹس کانسل کی سڑک پر پانی بھر جانے کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی۔

نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو فون کر کے کراچی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے شاہ محمود قریشی کو 5سال کیلئے نااہل قرار دیدیا

وزیر اعلیٰ سندھ نے واٹر بورڈ کے سی ای او کو پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکشن مشینوں کے ذریعے نشیبی علاقوں سے پانی نکالا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس عوام کی مدد کے لیے باہر نکلیں اور ٹریفک میں پھنسے شہریوں کی مشکلات حل کریں تاکہ وہ جلد گھر پہنچ سکیں۔


متعلقہ خبریں