الخدمت فاؤنڈیشن کا بلوچستان میں 50 نئے اسکول قائم کرنے کا اعلان


راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے رواں سال بلوچستان میں 50 نئے اسکول قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جائیکا کے اشتراک سے الخدمت ایجوکیشن پروگرام کی ٹیم کے لیے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری نے کہا کہ 2 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی بچوں کی تعلیم سے محرومی تشویشناک ہے تاہم ڈونرز کی مدد سے ان بچوں کو الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کا حصہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم سے محروم بچوں کے لیے بلوچستان میں رواں برس 50 نئے اسکول قائم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جن کیخلاف ملک بنایا گیا تھا آج وہی لوگ قابض ہیں، سراج الحق

سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ الخدمت نے ملک بھر میں تعلیم سے محروم بچوں کے لیے مختصر دورانیہ تعلیم کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز قائم کر رکھے ہیں۔ جہاں بچوں کو کتب، اسکول بیگ اور جوتے فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ ان بچوں کے لیے سردیوں میں گرم جیکٹس اور کمبل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سال بھر دوپہر میں ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرزکی تعداد دوگنا کی جا رہی ہے۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ نصاب کی تیاری میں تمام صوبوں کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں