نارروال: پولیس اور انتظامیہ نے مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سے آزاد امیدوار دانیال عزیز کو انتخابی جلسہ کرنے سے روک دیا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر دانیال عزیز نے نارروال کے علاقے شکر گڑھ میں پہلا انتخابی جلسہ منعقد کیا جسے پولیس اور انتظامیہ نے شروع ہونے سے پہلے ہی بند کروا دیا۔
پولیس نے جلسہ گاہ سے اسٹیج اور کرسیاں ہٹا دیں جبکہ لائٹیں بند کروا کے ساؤنڈ سسٹم بھی قبضے میں لے لیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دانیال عزیز بغیر اجازت کے جلسہ کر رہے تھے اور اسی وجہ سے پروگرام کو روکا گیا ہے۔ ڈی ایس پی سرکل رائے احسان نے کہا کہ امن او امان کی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی سیاسی پروگرام کے لیے اجازت نامہ ضروری ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ایکشن لینے کے بعد دانیال عزیز اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچے اور مذاکرات کرنے کی کوشش کی تاہم وہ مذاکرات ناکام رہے۔ انتظامیہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بغیر اجازت کوئی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار جلسہ نہیں کرسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا امیدوار جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار
دانیال عزیز نے کہا کہ ہم کل اجازت لے کر قانون کے مطابق دوبارہ اسی مقام پر جلسہ کریں گے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سے دانیال عزیز کی جگہ چوہدری انوار الحق کو ٹکٹ جاری کیا گیا جس پر دانیال عزیز نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔