پی ٹی آئی کا امیدوار جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار

Jehangir Tareen

لودھران: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حمایت یافتہ امیدوار پیر اقبال شاہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہو گیا۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار پیر اقبال شاہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 155 سے انتخاب کے لیے میدان میں موجود تھے تاہم انہوں نے جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 155 پر اب جہانگیر ترین اور مسلم لیگ ن کے امیدوار صدیق بلوچ کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تفصیلات جاری

جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہونے والے پیر اقبال شاہ کے بیٹے عامر اقبال نے والد کے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 228 سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں تاہم ان کے والد انتخاب نہیں لڑیں گے۔

واضح رہے کہ این اے 155 پر آئی پی پی اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو سکی جس کے بعد جہانگیر ترین نے این اے 155 پر عقاب کے نشان پر انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 166 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر خالد گجر کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق خالد گجر کو 9 مئی کے گلبرگ تھانے کے مقد مے 1271/23 میں گرفتار کیا گیا۔ بھائی شبیر گجر کا کہنا ہے کہ خالد گجر سے کئی گھنٹوں سے رابطہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ خالد گجر کی کچھ عرصہ قبل زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت ہوئی تھی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنمائوں کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی ،فواد چودھری، حبا فواد ، خرم لطیف کھوسہ ،چودھری پرویز الہٰی اور صنم جاوید کو بھی الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا ہے۔


متعلقہ خبریں